دوسرے ون ڈے میں بھی بھارت کو شکست، سیریز پہلی بار بنگلا دیش کے نام

India and Bangladesh

India and Bangladesh

ڈھاکا (جیوڈیسک) ڈھاکا میں کھیلے گئے بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دوسری گیند پر ہی روہت شرما کو وکٹ گنوانا پڑی۔ ان کے بعد شیکھر دھون نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے واحد ففٹی بنائی مگر وہ بھی کام نہ آئی۔

بنگلا دیشی ٹائیگر مستفیض الرحمان بھارت کے پیچھے ہاتھ دھو کر یوں پڑے کہ 6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر ہی دم لیا۔ میچ کی دو بڑی خبریں یہ ہیں کہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں بنگلا دیش نے پہلی بار بھارت کو سیریز میں ہرایا تو دوسری جانب مسلسل دو میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کر کے مستفیض الرحمان نے ورلڈ ریکارڈ بنایا۔

کرکٹ میدان میں اترانے والے بھارت کو بنگالی شیروں نے 200 کے مجموعے پر ہی قابو کر لیا۔ جواب میں بنگلا دیش کی ٹیم نے 37.4 اوورز میں 4 وکٹوں پر ہی مطلوبہ ہدف باآسانی حاصل کرکے بھارت کو بتا دیا کہ وہ بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔

بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بھارت سے سیریز اپنے نام کرنے اور 2017ء چیمپئنز ٹرافی میں سیٹ پکی کرنے پر بنگالی کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی۔