سلامتی کونسل نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر تحقیقات کی منظوری دیدی

Security Council

Security Council

نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن میکنزم بنانے کیلئے گرین سگنل دیدیا ہے۔

15 رکنی کونسل نے ایک متفقہ قرارداد کی منظوری کے بعد یو این سیکرٹری جنرل سے درخواست کی کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں کو ممنوع کرنے کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کے ڈی جی کی معاونت سے 20 دنوں کے اندر میکنزم تشکیل دینے کیلئے سفارشات پیش کریں۔ سفارشات آنے کے بعد 5 دن کے اندر سلامتی کونسل ان پر اپنا ردعمل دے گی۔

ایک سال کیلئے تشکیل دیئے گئے میکنزم کو کلورین اور دیگر کیمیکلز پر مشتمل ہتھیاروں کے استعمال میں ملوث اشخاص، گروپوں اور حکومتوں کی نشاندہی کا ٹاسک دیا جائے گا۔سلامتی کونسل کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کرنے والوں کو جرم کا ذمہ دار قرار نہیں دے سکتی تاہم کونسل کی نشاندہی کے بعد مستقبل میں ٹرائل کی اجازت مل سکتی ہے۔

شام کے حامی روس نے بھی قرارداد کو ویٹو کرنے سے گریز کیا جس کے بعد کیمیائی حملوں کے ذمہ داروں سے متعلق تحقیقات کی راہ کھل گئی ہے۔