سکیورٹی وفد کا انتظامات پر اظہار اطمینان، زمبابوے ٹیم 19 مئی کو پاکستان آئے گی

Gaddafi Stadium

Gaddafi Stadium

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے میدانوں میں عالمی کرکٹ کے دروازے پھر سے کھلنے والے ہیں، زمبابوے کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی سیکیورٹی کلیئرنس کیلئے مہمان ملک کے 6 رکنی وفد نے اطمینان کا اظہار کر دیا۔

زمبابوے کرکٹ بورڈ کے 6 رکنی سیکورٹی وفد نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کا دورہ کیا جس کے بعد سیکیورٹی وفد کو قذافی سٹیڈیم لے جایا گیا جہاں پی سی بی حکام نے سیکیورٹی سے متعلق ٹیم کو بریفنگ دی۔ زمبابوے کی 6 رکنی سیکیورٹی ٹیم میں جنوبی افریقی سیکیورٹی کنسلٹنٹ ، زمبابوے بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر ایلسٹر کیمبل شامل ہیں۔

الیسٹر کیمبل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کبھی تو شروع ہونی تھی ۔ انہیں خوشی ہے کہ زمبابوے کی ٹیم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات اور سیکورٹی سے مطمئن ہیں اور زمبابوے کرکٹ ٹیم 19 مئی کو دورہ پاکستان کے لیے آئے گی۔

زمبابوے سیکورٹی وفد کو سپورٹس بورڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کرایا گیا۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 22 مئی سے 3 ون ڈے جبکہ دو ٹی 20 میچز شیڈول ہیں۔