حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے زمبابوین سیکیورٹی وفد بدھ کو لاہور پہنچے گا

Zimbabwe Team

Zimbabwe Team

لاہور (جیوڈیسک) زمبابوے کی 4 رکنی سیکیورٹی ٹیم حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 6 مئی کولاہور پہنچے گی، ابتدائی شیڈول میں تبدیلی کے بعد اب 4 رکنی جائزہ کمیشن صرف ایک روزہ دورے کے بعد وطن واپس لوٹ جائے گا۔

6 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں رواں ماہ زمبابوے کی آمد سے بحال ہونے جارہی ہیں، یاد رہے کہ3 مارچ 2009کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بعض شدت پسندوں نے لبرٹی چوک کے قریب مہمان ٹیم کی بس پرحملہ کردیا تھا جس کی وجہ سے سری لنکن پلیئرزکے زخمی ہونے کے ساتھ 8پولیس اہلکار اور شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

اس صورت حال کے بعد مہمان ٹیم اپنا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ گئی، بعد ازاں پی سی بی کی بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستان کے سونے گراؤنڈز آباد نہیں ہو سکے تھے، ذکا اشرف کے دور میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان آنے پر رضا مند بھی ہو گئی تھی۔

تاہم عین موقع پر بی سی بی نے عدالتی فیصلے کو جواز بنا کر اپنی ٹیم کو پاکستان بجھوانے سے انکارکردیا تھا۔