عید الاضحی پر سیکیورٹی کیلیے19ہزار اہلکار تعینات

Security on Eid

Security on Eid

کراچی: آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عید الاضحی سال2013 کنی جنسی پلان پر مربوط اور موثر عمل درآمد کے تحت مساجد، امام بار گاہوں ، عید گاہوں اور نماز عید کے لیے مختص کردہ کھلے مقامات کے ساتھ ساتھ جانوروں کی قربانی کے مقامات پر سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کو یقینی بنایا جا ئے۔

انٹیلی جنس کلیکشن و شیئرنگ و دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مستقل روابط کے علاوہ تمام اہم مقامات پر ٹیکنیکل سوئپنگ اور کلیئر نس کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں، مرکزی پولیس دفترکے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ یہ ہدایات ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کی جانب سے تیار کردہ عید الاضحی بائی نیم ڈپلائمنٹ پر مشتمل کنٹی جنسی سیکیورٹی پلان کے جائزے کے موقع پر دی، عید الاضحی کنٹی جنسی پلان میں بتایا گیا کہ کراچی میں کم و بیش3987 مساجد ،315 امام بار گاہوں، 330 سے زائد عید گاہوں اور تقریبا 270 نماز عید کے کھلے مقامات پر 19400 سے زائد سیکیورٹی اہلکار فرائض انجام دینگے، علاوہ ازیں تمام پبلک مقامات اورعبادت گاہوں کے اندرونی حصوں اور اطراف میں سادہ لباس پولیس افسران اور جوانوں کی تعیناتیوں کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

جبکہ تمام ضلعوں کے ایس ایس پیز، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی او ز، اور ایس ایچ اوز کو مساجد، امام بارگاہوں ، دیگر کھلے مقامات ، اہم تنصیبات اورعوامی مقامات کے اطراف اپنی اپنی سر براہی و نگرانی میں پولیس گشت اوراسنیپ چیکنگ جیسے ضروری امورکی انجام دہی اور با الخصوص ٹیکنکل سوئپنگ اورکلیئر نس کے حصول کا بھی پابند کیا گیا ہے ، آئی جی سندھ کو عید الاضحی کنٹی جسنی پلان پر مشتمل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہر میں پٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور پکٹنگ کے لیے560 موبائلوں اور 187موٹر سائیکل سوار پولیس افسران و جوانوں کو ذمہ داریاں تضویض کی گئیں ہیں۔

آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ امن و امان کے حالات پر پولیس گرفت کومضبوط کرنے اور شہریوں کی جان ومال کے یقینی تحفظ کے لیے نہ صرف ممکنہ حساس علاقوں پرتوجہ دی جائے بلکہ پولیس گشت ، اسنیپ چیکنگ ، پکٹنگ ، ناکہ بندی ، ریکی ، نگرانی وغیرہ کے اقدامات کوٹھوس بناتے ہوئے شہر میں کی جانیوالی ڈپلائمنٹ پر باقاعدہ ویجلنس کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ شر پسندوں کی کھڑی نگرانی کے ضمن میں شہرکے داخلی اور خارجی راستوں پر انتہائی ٹھوس اور موثر اقدامات کیے جائیں ، ترجمان سندھ نے بتایاکہ عید الاضحی کے دنوں میں سیکیورٹی صورتحال کی مانٹرنگ اورجملہ ریکارڈ کی ترتیب کے لیے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں سینئر پولیس افسران پر مشتمل مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے جوکہ دیگر تمام پولیس کنٹرول رومز سے ناصرف مستقل رابطوں میں رہیگا بلکہ سینئر پولیس افسران کی جانب سے بعداز مانیٹرنگ جاری رہے گی مزید ضروری ہدایات پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائے گا ۔