سیہون شریف دھماکے میں ملوث مزید پانچ سہولت کار گرفتار

Sehwan Sharif Blast

Sehwan Sharif Blast

سیہون شریف (جیوڈیسک) سیہون شریف دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف تابڑ توڑ آپریشن جاری ہیں۔ حساس ادارے نے مزید پانچ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ دو ملزمان کا تعلق خیرپور اور تین کا شکارپور سے ہے۔

ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد گرفتار سہولت کاروں کی مجموعی تعداد دس ہو گئی۔ ادھر دھماکے میں زخمی دو افراد چانڈکا اسپتال لاڑکانہ میں دم توڑ گئے۔ سانحے میں شہدا کی تعداد نوے تک جا پہنچی۔

دوسری جانب سیہون بم دھماکے کے مرکزی کردار عبدالحفیظ پندرانی کی تصاویر اور پولیس ریکارڈ دنیا نیوز نے حاصل کر لیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق عبدالحفیظ پندرانی دہشتگردوں اور خودکش بمباروں کو پناہ فراہم کرتا ہے۔

شکارپور امام بارگاہ پر خود کش حملہ کرنے والے دہشتگرد نے بھی عبدالحفیظ کے پاس پناہ لی تھی۔ گرفتار ملزم خلیل کی نشاندہی پر عبدالحفیظ کے گھر سے بھاری تعداد میں گولہ بارود برآمد ہوا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق عبدالحفیظ پندرانی کے 6 ساتھی گرفتار ہو چکے ہیں۔