اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا انتخاب مکمل، پشاور یونیورسٹی کے صہیب الدین ناظم اعلیٰ منتخب

Nazim e Aala

Nazim e Aala

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ کے ہفتہ کو ہونے والے انتخابات میں پشاور یونیورسٹی سے ایم فل سوشیالوجی کے طالب علم صہیب الدین کاکا خیل کو ناظم اعلیٰ منتخب کر لیا گیا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے ترجمان سید امجد حسین بخاری کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے اراکین کا اجتماع سکھر میں ہوا جس میں پاکستان بھر کے ارکان جمعیت نے شرکت کی، اس اجتماع کا بنیادی مقصد نئی قیادت کا انتخاب کرنا تھا۔

تین روزہ اجتماع برائے اراکین میں انتخاب کے ذریعے جمعیت کے ارکان نے پشاور یونیورسٹی سے ایم فل سوشیالوجی کے طالب علم صہیب الدین کاکا خیل کو ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ منتخب کر لیا ہے۔ صہیب الدین کاکا خیل کا انتخاب دوسری مرتبہ عمل میں لایا گیا ہے اس سے قبل گزشتہ سال بھی وہی جمعیت کی قیادت کر رہے تھے۔ دوسری جانب صوبائی اور مقامی ناظمین کے لئے استصواب رائے اتوار کو سکھر میں ہی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے ہونے والے انتخابات میں تمام ارکان قیادت کا انتخاب بذریعہ خفیہ ووٹنگ کرتے ہیں جبکہ اس الیکشن میں کوئی بھی امیدوار نہیں ہوتا بلکہ تمام ارکان کو اجازت ہوتی ہے کہ وہ کسی بھی شخص کو اپنا قائد منتخب کر سکتے ہیں۔ الیکشن سے پہلے یا اس کے دوران کسی بھی رکن کو انتخابی مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں ہوتی بلکہ تمام ارکان ہی سارے عہدوں کیلئے امیدوار ہوتے ہیں۔سیکریٹری جنرل اور ناظمینِ صوباجات کا انتخاب آج شام مکمل کرلیا جائے گا۔اجتماع ارکان کے بعد مرکزی و صوبائی شوریٰ اور شہروں کے ناظمین کے انتخابات شروع کیے جائیں گے۔

سید امجد حسین بخاری،
سیکرٹری اطلاعات ،اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
03004935656