سینیگال کا حوثی باغیوں کے خلاف اپنے فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان

Senegal Military

Senegal Military

ڈاکار (جیوڈیسک) افریقی ملک سینیگال نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کرنے والے عرب اتحاد کی مدد کے لیے اپنے فوجی سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے سینیگال کے صدر نے گزشتہ ماہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا تھا جس میں سعودی عرب نے ان سے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کے لئے فوجی مدد مانگی تھی۔ سعودی عرب کی درخواست پر سینیگال نے اپنے 2ہزار فوجیوں کو سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ سینیگال کے فوجی یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف عرب اتحاد کی مدد کریں گے۔

دوسری جانب سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ عرب اتحادی یمن کے بعض علاقوں میں مخصوص اوقات میں فضائی حملے روکنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں تک امدادی سامان کی رسائی ممکن ہوسکے۔ اس کے علاوہ ان کا ملک یمن میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ایک رابطہ مرکز کے قیام پر بھی غور کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ سینیگال پہلا غیرعرب ملک ہے جس نے اپنی فوج سعودی عرب کی مدد کے لیے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔