سینیئر صحافی زاہد ملک انتقال کر گئے

Zahid Malik

Zahid Malik

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے زاہد ملک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صحافت کے شعبے میں مرحوم کی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

سینیئر صحافی، مصنف اور انگریزی روزنامہ “پاکستان آبزرور” کے مدیر اعلیٰ زاہد ملک طویل علالت کے باعث جمعرات کو اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 78 برس تھی۔

مرحوم ایک درجن سے زائد کتابوں، اور دو ہزار کے لگ بھگ مقالوں کے مصنف تھے اور حکومت کی طرف سے انھیں 2011ء میں صحافت میں ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ‘ستارہ امتیاز’ سے نوازا جا چکا تھا۔ زاہد ملک کی تصنیف “مضامین قرآن” کا انگریزی کے علاوہ فرانسیسی اور جرمن زبان میں بھی ترجمہ ہو چکا ہے۔

وہ نظریہ پاکستان کونسل کے سرپرست اعلیٰ ہونے کے علاوہ متعدد علمی و فکری تنظیموں سے بھی وابستہ تھے۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے زاہد ملک کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صحافت کے شعبے میں مرحوم کی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ زاہد ملک کا انتقال ملک میں صحافت کے لیے ایک نقصان ہے اور پاکستان میں صحافیت کی ترویج میں ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔