سرائیکی لوک گلوکار غلام عباس گل ڈیروی پاکستان کے 102 نامور گلوکاروں کی فہرست میں شامل

Ghulam Abbas Gul Derwi

Ghulam Abbas Gul Derwi

ڈیرہ اسماعیل خان (سید توقیر زیدی) سرزمین ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے سرائیکی لوک گلوکار غلام عباس گل ڈیروی پاکستان کے 102 نامور گلوکاروں کی فہرست میں شامل’ڈیرہ کی تمام سیاسی ‘سماجی و صحافی حلقوں نے غلام عباس گل ڈیروی کو یہ اعزاز ملنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے پاکستان کے 102 نامور گلوکاروں کی مرتب کردہ فہرست میں غلام عباس گل ڈیروی کو 90 نمبر پر شامل کیا گیا ہے’ اس فہرست میں پاکستان کے قیام کے بعد سے لے کر اب تک چوٹی کے گلوکاروں کو شامل کرکے ان کے انٹرویوز اور مسائل سے بھرپور ان کی زندگیوں کا ذکر کیا گیا ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی عدم توجہی کی جانب بھی توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔

اس فہرست کو پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اسلام آباد نے ایک خوبصورت اور جدید سرورق کے حامل میگزین ماہانہ آہنگ میں پبلش کیا ہے۔اس سلسلے میں جب غلام عباس گل ڈیروی سے رابطہ کیا گیاتو ان کا کہنا تھا کہ یہ میری خوش نصیبی اور ڈیرہ والوں کی محبت ‘اللہ پاک کی خصوصی رحمت اور والدین اور دوستوں کی دعاؤں کا ثمر ہے کہ مجھ ناچیز کو اتنے بڑے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

یہ میری خوش نصیبی کے ساتھ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی خوش نصیبی ہے مجھے اس پر فخر ہے کہ میرا تعلق ضلع ڈیرہ کی دھرتی سے ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ اعزاز مجھے نہیں بلکہ میری دھرتی کو عزت سے نوازا گیا ہے۔ غلام عباس گل ڈیروی سرائیکی شاعری کے ساتھ نیم کلاسیکل سرائیکی شاعری اور کلاسیکل اردو غزل کو ایک خاص اور دل لبھانے والے انداز میں پڑھنے کا ملکہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ غلام عباس گل ڈیروی کوپاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے شائع کئے جانے والے ماہانہ آہنگ میگزین ریڈیو پاکستان ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے پروگرام منیجر الطاف حسین شاہ نے ریڈیو پاکستان ڈیرہ میں ایک پروگرام میں تحفے میں دیا۔