سیشن جج بدین کے حکم پر سول جج ماتلی کا ماتلی تھانے پر چھاپا، ذوالفقار مرزا کا حامی بازیاب

Badin

Badin

بدین (عمران عباس) سیشن جج بدین کے حکم پر سول جج ماتلی کا ماتلی تھانے پر چھاپا، ذوالفقار مرزا کا حامی بازیاب، تفصیلات کے مطابق سیشن جج بدین غلام رسول سموں کے حکم پر سول جج ماتلی نے ماتلی تھانے پر بغیر ایف آئی آر کے گرفتار کیا گیا ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کا حامی دیدار ملاح کو بازیاب کرالیا۔

بدین کے نواحی شہر پنگریو میں پیپلز پارٹی کے صدر پناہ ملاح نے اپنے بیٹے کی بیگناھ گرفتاری کے خلاف سیشن جج بدین کو درخواست دی تھی جس کے بعد سیشن جج نے ماتلی کے سول جج کو حکم دیا جس نے اسکوٹر پر بیٹھ کر ماتلی تھانے پر چھاپا مارکر 10 دن سے قید بنا ایف آئی آر کے گرفتار دیدار ملاح کو بازیاب کرالیا اور ایس ایچ او ماتلی کو آج عدالت میں طلب کرلیا۔

آزادی کے بعد دیدار ملاح ڈاکٹرذوالفقار مرزا کے سینکڑوں حامیوں کے ہمرا پنگریو پہنچا جہاں پر اس کا شاندار استقبال کیا گیا، یاد رہے کہ بدین پولیس کی جانب سے روزانہ دو چار لوگوں کو گرفتار کرکے ضلع کے مختلف تھانوں پر رکھا جاتا ہے اور کچھ لین دین کے بعد انہیں رہا کردیا جاتا ہے اس کے علاوہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا کے تقریباََ 15 سے زائد بے گناھ حامیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے جس کے بارے میں پولیس کی جانب سے کچھ بھی بتایا نہیں جاتا۔