شاہ فیصل زون میں پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف بلدیاتی انتظامات مکمل کر لئے گئے

DMC Korangi Karachi

DMC Korangi Karachi

کراچی : ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کی ہدایت پر شاہ فیصل زون میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قائم پولنگ اسٹیشنوں پر اور اطراف میں بلدیاتی انتظامات مکمل کر لئے گئے۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف صفائی و ستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری کے ساتھ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کا خاتمہ کرکے ووٹروں کو سہولت پہنچائی جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے بلدیہ کورنگی کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ علاقائی سطح پر سیوریج سسٹم کی درستگی کے لئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے اقدامات کرکے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلائی جائے۔

انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے علاقائی ذمہ دران کو بھی ہدایت کی کہ بلدیہ کورنگی کی حدود میں پولنگ اسٹیشن کے اطراف سیوریج کے نظام کو درست کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کریں ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن اور میونسپل کمشنر عمران اسلم کی نگرانی میں شاہ فیصل محکمہ ہیلتھ سروسز ،الیکٹریکل اورانسداد تجاوزات کا عملہ پولنگ اسٹیشنوں کے اطراف سمیت علاقائی سطح پر بلدیاتی انتظامات کی بہتری میں مصروف ہے اور الیکشن ڈے کے موقع پر بھی بلدیاتی انتظامات کی بہتری کے حوالے سے عملہ الرٹ رہیگا۔