شاہ رخ خان’’دھوم فور‘‘ میں چور کا کردار نبھائیں گے؟

Shah Rukh Khan

Shah Rukh Khan

ممبئی (جیوڈیسک) رپورٹس کے مطابق یش راج بینر تلے بننے والی کامیاب فلم سیریز دھوم کیلئے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان سے رابطہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس سے قبل سلمان خان سے رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے یہ کہہ کر یہ رول لینے سے انکار کر دیا تھا کہ وہ فلموں میں کوئی منفی کردار ادا نہیں کریں گے۔

تاہم شاہ رخ خان اس سے قبل بھی چند فلموں میں ولن کا کردار نبھا چکے ہیں۔ اس لئے کہا جا رہا ہے کہ انھیں یہ کردار نبھانے میں شاید کوئی تحفظات نہ ہوں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جان ابراہم، ریتک روشن اور عامر خان دھوم سیریز میں چور کا مرکزی کردار نبھا چکے ہیں۔

خبریں ہیں کہ یش راج فلمز کی جانب سے شاہ رخ خان کو دھوم 4 کا سکرپٹ پڑھنے کو دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دھوم تھری میں چور کا کردار نبھانے والے عامر خان نے ایک موقع پر کہا تھا کہ ان کے نزدیک شاہ رخ خان فلم دھوم فور کیلئے بہترین ثابت ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آدیتہ چوپڑا دھوم فور کیلئے شاہ رخ خان کو لینے کا سوچ رہے ہیں، تو یقیناً ان کا انتخاب بالکل درست ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان اس فلم میں بالکل فٹ ثابت ہوں گے۔