شہباز شریف کی چینی نائب وزیراعظم سے ملاقات، تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق

Shahbaz Sharif and Zhang Jiyali

Shahbaz Sharif and Zhang Jiyali

بیجنگ (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بیجنگ میں چین کے نائب وزیراعظم ژانگ جیالی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ اور مسلم لیگ(ن)کے مابین تعلقات کے مزیدفروغ کیلئے موثر اقدامات کرنے پر اتفاق ہوا۔

نائب وزیراعظم چین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا دونوں سیاسی جماعتوں کے مابین تعلقات میں اضافے کیلئے نئی راہوں پرکام کرنا ہوگااورکمیونسٹ پارٹی اورمسلم لیگ(ن) کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔

شہبازشریف نے کہا پاک چین تعلقات کی 65 ویں سالگرہ پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو عوام کی بہتری اور خوشحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے ۔چین کی جانب سے ٹیکنالوجی سمیت صنعتوں کی بیرون ملک منتقلی کی حکمت عملی میں پاکستان اس کا سب سے بہترپارٹنر ہے اورہم اس ضمن میں چین کے ساتھ ملکر اقدامات کریں گے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا اس وقت پاک چین دوستی کے نغمے صرف پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں گونج رہے ہیں اور یہ کہانی محض دوستی کی کہانی نہیں بلکہ یہ داستان دیانت، امانت اور شفافیت کی داستان ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف سے بیجنگ میں چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل لیومنبن نے ملاقات کی۔