شاہد آفریدی نے کپتانی میں بہت غلطیاں کیں، اظہر محمود بھی برس پڑے

Azhar Mehmood

Azhar Mehmood

لاہور (جیوڈیسک) ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود کہتے ہیں کہ میگا ایونٹس میں شاہد آفریدی نے کپتانی میں بہت ساری غلطیاں کیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی صرف اپنے لیے کھیلتے ہیں۔ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے ایک انٹرویو میں قومی کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

اظہر محمود کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی صرف اپنے لیے کھیلتے ہیں ان میں ملک کے لیے کھیلنے کا جذبہ نہیں ہے۔ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی 20 جیسے میگا ایونٹس میں شاہد آفریدی نے کپتانی میں بہت ساری غلطیاں کیں۔

انکا مزید کہنا ہے کہ کھلاڑی پریکٹس سیشن میں جان نہیں لگاتے اور اگر انہیں ڈراپ کر دیا جائے تو کپتان اور کوچ کو اپنے مخالف سمجھنے لگتے ہیں۔

سابق کرکٹر اظہر محمود کے مطابق ٹیم میں گروپ بندی نہیں، حقیقت یہ ہے کہ ہمارے کرکٹرز اچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں راز داری کا فقدان ہے اور ڈریسنگ روم میں منفی سوچ کی بھرمار ہے۔ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ محمد عامر اب بھی بہترین باؤلرز ہیں، دوسرے باؤلرز پلان پر عمل نہیں کرتے۔