شکار پور : خانپور کے کچے میں دوسرے روز بھی ڈاکوئوں اور پولیس میں مقابلہ

Shikarpur

Shikarpur

شکارپور (جیوڈیسک) تحصیل خانپور کے کچے میں آج دوسرے روز بھی پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلہ جاری، 200 پولیس کمانڈوز اور 3 بکٹر بند گاڑیاں مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں، ڈاکوئوں کے متعدد ڈھکانے تباہ کر دئیے گئے شکارپور کی تحصیل خانپور کے کچے میں 3 مغویوں کی بازیابی کے لئے آج دوسرے روز بھی پولیس کی تلاش جاری ہے۔

دوران سرچ آپریشن پولیس اور ڈاکوئوں میں گزشتہ 18 گھنٹوں سے مقابلہ جاری ہے ۔ 200 پولیس کمانڈوز اور 3 بکتر بند گاڑیاں مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں ، جبکہ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے۔

بدنام ڈاکو یعقوب تیغانی 30 ساتھیوں کے ساتھ پولیس سے مقابلہ کر رہا ہے ، ایس ایس پی شکارپور ناصر آفتاب نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فضیلا سرکی سمیت 3 مغویوں کی بازیابی کے لئے آج دوسرے روز بھی ڈاکوئوں سے مقابلہ جاری ہے ، جب تک ایک بھی ڈاکو کچے میں موجود ہوگا اور مغوی بازیاب نہیں ہوتے تب تک ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن جاری رہیگا۔

گڑھی تیغو کا کچہ ڈاکوئوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جس کو ختم کرینگے۔ آئے دن ڈاکو وارداتیں کرکے یا لوگوں کو اغوا کرکے گڑھی تیغو کے کچے میں رکھتے ہیں تو اس لئے اس علاقے میں آپریشن شروع کیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلہ ہوا تھا جس میں 4 ڈاکو ہلاک اور ایک پولیس اہلکار شہید اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔