شوبز کی چمکتی دنیا جیسی دکھائی دیتی ہے حقیقت میں ایسی نہیں، میرا

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ شوبزکی چمکتی دمکتی دنیا بڑی ہی عجیب ہے، عام طورپر یہاں سب کچھ اچھا اور خوابوں کی طرح دکھائی دیتا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔

اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ جو فنکار بہترین اداکاری کرکے ہمیں خوب انٹرٹین کرتے ہیں، ان کی اپنی زندگیاں بہت سے مسائل سے دوچار ہوتی ہیں مگر اس کے باوجود وہ بڑی ذمے داری اورحوصلے کے ساتھ دنیا کے مشکل ترین کاموں میں سے ایک کام اداکاری کرتے ہیں اور کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر کر ہمارے اداس چہروں پر مسکراہٹ لاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ’’ایکسپریس‘‘ سے کیا۔ اداکارہ میرا نے کہا کہ میں تواک عام سی لڑکی تھی لیکن شوبزمیں کام کرنے کے جنون نے مجھے خاص بنا دیا۔

اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ محنت اورلگن کے جذبے سے سرشار ہوکر جب فلمی دنیا میں قدم رکھا تو پھر کامیابیوں نے میرے قدم چومے۔ فلموں کی کامیابی نے میرے پرستاروں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ کیا۔

پاکستان فلم انڈسٹری میں بہت سے یادگار کردار نبھائے بلکہ پاکستانی فلموں پرراج کرنے والے تمام فنکاروں کے ساتھ کام کیا اوراپنے سینئرز سے بہت کچھ سیکھا بھی۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ فنون لطیفہ میں میرے حوالے سے کچھ ایسی خبریں بھی سامنے آتی رہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہ تھا۔ یہ صرف اورصرف میری حریف اداکاراؤں کے ’’ داؤ پیچ ‘‘ ہوتے ہیں، جن کا مقصد میری کام سے توجہ ہٹانا ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ کے بہت سے فلم میکرز اورڈائریکٹرز مجھ سے رابطہ میں ہیںاوروہ چاہتے ہیں کہ میں وہاں کام کروں ، لیکن میں کسی اچھے پروجیکٹ کی تلاش میں ہوں، میں چاہتی ہوں کہ اپنے چاہنے والوںکوایک مرتبہ پھر سے منفرد روپ میں دکھائی دوں۔

اسی لیے آنے والے کچھ عرصہ میں اپنے پرستاروں سمیت سب کوسرپرائز دونگی۔ ایک بہت ہی اہم پروجیکٹ کا حصہ بن چکی ہوں لیکن معاہدے کے مطابق ابھی تفصیلات سے آگاہ نہیں کرسکتی۔ البتہ اتنا ضرور کہہ سکتی ہوں کہ یہ پروجیکٹ بالی ووڈ کے لیے ہے اوراس کودنیا کے بیشتر ممالک میں بیک وقت ریلیز کیا جائے گا۔