شروتی ہاسن نے اپنے گانوں کی انٹرنیشنل البم جلد ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا

Shruti Haasan

Shruti Haasan

چنائی (جیوڈیسک) شروتی ہاسن جو اداکاری کے ساتھ ساتھ ’’الوداع‘‘ اور ’’سٹریو فونک سانتا‘‘ نامی گانوں کے البمز کے ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی اپنا مقام بناچکی ہیں، نے جلد ہی اپنی نئی انٹرنیشنل البم ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ٹوئیٹر‘‘ پر مداحوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے بھارتی لیجنڈ اداکار کمل ہاسن کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ان کے مداحوں کو جلد ہی خوشخبری ملے گی کیونکہ وہ ان دنوں اپنے گانوں کی نئی اور انٹرنیشنل البم کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور اسے عنقریب ریلیز کر دیں گی۔

ایک مداح کی طرف سے پسندیدہ کردار کے سوال کے جواب میں شروتی ہاسن کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کے کردار نبھانا چاہتی ہیں اور ایسے کردار بھی خوشی سے نبھائیں گی جن میں شخصیت کو مسخ کرکے دکھایا جارہاہو جب کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کسی فلم راک اسٹار کا کردار نبھائیں کیونکہ وہ خود ایک گلوکارہ بھی ہیں اور سمجھتی ہیں کہ انھیں اس کردار کو کرنے میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا کھل کر موقع ملے گا۔

تلیگوسپراسٹارمہیش بابو کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی تیلگوفلم ’’سریمانتھڈو‘‘ میں کام کرنے کے سوال پر29 سالہ اداکارہ نے کہا کہ مہیش بابو بہترین شخصیت کے مالک ہیں اور مجھے ان کے ساتھ فلم میں کام کرتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کوملا۔ اداکارہ کا مزید کہناتھا کہ یہ فلم اپنے ریلیز کے پہلے تین دن میں ہی 70 لاکھ 50 ہزار سے زائد کمائی کرکے خود پر خرچ ہونے والی رقم پوری کرچکی ہے اور امید ہے آئندہ چند روز میں یہ ایک سپرہٹ فلم ثابت ہوگی۔

ایک مداح کی جانب سے اکشرا ہاسن کے ساتھ کام کرنے کے سوال پر شروتی کا کہناتھا کہ اکشراہاسن میری چھوٹی بہن ہے، اس کی ابھی ایک ہی فلم سینما گھروں کی زینت بنائی گئی ہے جس میں اس کی پرفارمنس کو سراہا گیا ہے اور میں نہیں سمجھتی کہ اس کے ساتھ کام کرنے سے مجھے کوئی فرق پڑے گا اور جلد ہی اس بات کا امکان ہے کہ ہم دونوں بہنیں کسی فلم میں ایک ساتھ سینما اسکرین پر نظر آئیں۔ ایک اور سوال کے جواب شروتی ہاسن کا کہنا تھا کہ انھیں جہاز بنانے اور اڑانے کا بہت شوق ہے۔ اگر وہ اداکارہ نہ ہوتی تو ایروناٹیکل انجینئر ضرور ہوتیں۔