سیالکوٹ کے تاجر اسپتال کیلئے زمین دینے کا وعدہ پورا نہیں کررہے، میرا کی دہائی

Meera

Meera

لاہور (جیوڈیسک) اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس سیالکوٹ کی تاجر شخصیت نے انہیں اسپتال کے لئے زمین دینے کا وعدہ کیا لیکن اب وہ ٹال مٹول کررہے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران میرا نے کہا کہ اسپتال کی تعمیر کے لئے ایک سال قبل سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ارسل گھمن نے مجھے زمین دینے کے دستاویزات پر دستخط کئے تھے لیکن تاحال اس زمین کی نشاندہی نہیں کروائی جارہی، میں اور میرے والد کے علاوہ دیگر اسٹاف اس سلسلے میں اکثر فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ارسل گھمن کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملتا اور اگر کبھی بات ہو بھی جائے تو وہ مجھے بہت اچھی طرح تمیز کے ساتھ بیٹی پکارتے ہیں مگر زمین کے حوالے سے کچھ نہیں بتاتے۔

میرا نے کہا کہ سیالکوٹ میں اپنی والدہ کے نام سے اسپتال بنانے کے لئے دن رات محنت کی، اس کی تعمیر کے لئے جہاں امریکا اور کینیڈا میں فنڈریزنگ کاآغاز کیا وہیں بیرون ممالک شوز میں پرفارمنس کا معاہدہ بھی کرچکی ہوں، میں نیک نیتی کے ساتھ اسپتال بناناچاہتی ہوں، میں میڈیا کے توسط سے ارسل گھمن کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں، اگر وہ زمین نہیں دینا چاہتے تو میڈیا میں آکر بتائیں تاکہ مجھ پر کوئی الزام نہ آئے۔

فلم اداکارہ کا کہنا تھا کہ ارسل گھمن نے اگر مجھے زمین کی نشاندہی نہ کروائی تو پھر میں لاہور کے علاقہ بیدیاں میں خریدی گئی زمین پر اسپتال کی تعمیر کا کام شروع کروں گی لیکن یہ جگہ صرف 3 کنال پر مشتمل ہے جو میں نے اسپتال کی تعمیر کے لئے خریدی گئی تھی۔

میرا کا کہنا تھا کہ امریکا کے دورے کے دوران ان کی اکشے کمار اورمادھوری ڈکشت سے ملاقات ہوئی جو کہ خوش آئند رہی۔ میں نے ہمیشہ مثبت سوچ کا مظاہرہ کیاہے، کبھی کسی کے بارےمیں منفی سوچ نہیں رکھی پھربھی ایک مخصوص لابی میرے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے کہ میں نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کرلی ہے، میں ہمیشہ اچھے کرداراوراچھی فلمیں حاصل کرنے کی کوششوں میں لگی رہتی ہوں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس میرا نے سیالکوٹ کی تاجر شخصیات کے ہمراہ پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے میرا کے اسپتال کے لئے 3 مرلے زمین دینے کا اعلان کیا تھا۔