صدیق کیانی نے برسلز مظاہرے میں شرکت کیلئے علی رضا سید کو یقین دہانی کرا دی

Ali Raza Syed-Sidique Kiani

Ali Raza Syed-Sidique Kiani

برسلز (پ۔ر) فری کشمیر آرگنائزیشن جرمنی کے صدر صدیق کیانی نے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کونسل کی طرف سے نریندرا مودی کی برسلز آمد پر احتجاجی پروگرام میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی تنظیم احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔

تنظیم کے صدر کاکہناہے کہ ہم اس احتجاج میں بھرپورطورپر شریک ہوں گے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں پورا پورا تعاون کریں گے۔ کشمیرکونسل ای یو کاکہناہے کہ کونسل کی قیادت نے مختلف تنظیموں اور سیاسی اورسماجی رہنماؤوں سے رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔یورپ سے کئی افراد اورتنظیموں نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے اورتوقع ہے کہ31مارچ جمعرات کے روزمنعقدہونے والے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔

کونسل کے چیئرمین علی رضاسید نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ساتھ بھارت میں بسنے والے تمام دبے ہوئے اور محکوم طبقات کے یورپ میں مقیم نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاجی پروگرام میں شریک ہوکراسے کامیاب بنائیں۔

مظاہرے کے ساتھ ایک روزہ احتجاجی کیمپ بھی لگایاجارہاہے اور یہ پروگرام دن ساڑھے بارہ بجے برسلزمیں ای یو کونسل اور کمیشن کے دفاتر کے سامنے پلس سچومان (نزد میٹروسٹاف سچومان) کے مقام پر شروع ہوگا۔

یہ احتجاج مقبوضہ وادی کشمیرمیں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارت میں رہنے والی تمام اقلیتوں اورطلبہ سمیت تمام مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ حکومتی نارواورظالمانہ سلوک کے خلاف کیاجا رہا ہے۔

بھارتی وزیراعظم اپنے دورہ بلجیم کے دوران یورپی حکام کے ساتھ بھارت کے لیے یورپی منڈیوں تک رسائی پر بات چیت کریں گے۔