سندھ ایپکس کمیٹی اجلاس، کراچی میں کالعدم تنظیموں کیخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ

Sindh Apex Committee Meeting

Sindh Apex Committee Meeting

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدرات سندھ اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ امجد صابری کے قاتلوں کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

پولیس اور رینجرز مل کر کیس حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اویس شاہ کے اغواء کے مقام کی جیو فینسنگ مکمل کر لی ہے۔ جیو فینسنگ سے حاصل کئے گئے نمبروں کی ٹریسنگ جاری ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں کالعدم جماعتوں کے خلاف بھی آپریشن کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے ہدایت کی کہ ججز کی سیکیورٹی میں اضافے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور فوری طور پر سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب کا پہلا مرحلہ شروع کیا جائے۔

آئندہ ہفتے سے پولیس میں بھرتیاں شروع کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں ریٹائرڈ فوجیوں کی بھرتی کو ترجیح دی جائے گی اور نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو فوج سے تربیت فراہم کی جائے گی۔