وزیر اعلیٰ سندھ کی چرچ آمد، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا عزم

Sindh Chief Minister Church Visit

Sindh Chief Minister Church Visit

کراچی (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی کے ٹرینٹی چرچ اور سوامی نرائن مندر میں اقلیتوں کے حقوق کا عالمی دن کے حوالے سے تقریب میں شرکت، ٹرینٹی چرچ میں مراد علی شاہ کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا ۔

اقلیتوں کے حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے کراچی کے ٹرینٹی چرچ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی شرکت کی ۔ تقریب میں شہدا کوئٹہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ اقلیتوں کے لئے کام کرتی آئی ہے ، ہم نے ہندو میرج بل پاس کرایا ۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم مل کر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا جبکہ شرکاء نے گانا گا کر وزیراعلیٰ کو سالگرہ کی مبارکباد بھی پیش کی ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سوامی نرائن مندر کا بھی دورہ کیا ، مندر میں آمد پر وزیراعلیٰ سندھ کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سوامی نرائن مندر میں اقلیتوں کے حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے مسائل حل کئے جائیں گے۔