سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال، بلاول نے سہیل انور کو میڈیا کے آگے کر دیا

Bilawal Bhutto Zardari

Bilawal Bhutto Zardari

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں کوئی سیاسی بات کرنے نہیں آیا۔

پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی لیاقت آباد میں امجد صابری کے گھر تعزیت کی آمد کے موقع پرعلاقے کی قسمت جاگ گئی۔ ان کی آمد سے قبل علاقے میں جھاڑو سے صفائی کی گئی اور چونا پھینکا گیا۔

سیکورٹی کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور سراغ رساں کتے کی مدد بھی لی گئی۔ بلاول بھٹو کے پہنچنے کے ساتھ ہی جامر لگا دئیے گئے ۔ بلاول بھٹو صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کے ہمراہ پہنچے اور امجد صابری مرحوم کے گھر گئے جہاں انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

بلاول بھٹو نے شہید امجد صابری کے بیٹے کو گلے لگایا اور اپنے ساتھ بٹھایا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے صرف یہ کہا کہ میں اظہار یکجہتی کیلئے آیا ہوں ، کوئی سیاسی بات کرنے نہیں آیا، جب ان سے صحافیوں نے سوال کیا کہ امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغوا پر کیا اقدامات کیے گئے تو جواب دینے کے بجائے سوال کا رخ وزیر داخلہ کی جانب کر دیا اور کہا جواب دو سندھ حکومت جواب دو۔