سندھ میں آم سے دہشت گردی کا خطرہ؛ الرٹ جاری

Mango

Mango

کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے مینگو الرٹ جاری کردیاکہ لنگڑا آم دہشت گردی پھیلا سکتا ہے، پھلوں کے بادشاہ آم کے سندھ سیکریٹریٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کیے گئے مکتوب میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آم کا سیزن شروع ہوتے ہی دہشت گرد پھلوں کے بادشاہ آم کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آم کا سیزن شروع ہوتے ہی وزرا،اعلی افسران کو ان کے دوست اور دیگر افراد آموں کے تحفے بھجوائیں گے اور سندھ سیکریٹریٹ کی مختلف بلڈنگس میں آم کی پیٹیاں لائی جاتی ہیں۔

خط میں آم کے تحفے وصول کرنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ امن وامان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں خدشہ ہے کہ دہشت گرد پھلوں کے بادشاہ آم کی پیٹیوں کے ذریعے بم دھماکا کرسکتے ہیں۔ سندھ حکومت کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے سندھ سیکریٹریٹ کی تمام بلڈنگس میں آم کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔