اُسامہ اسپورٹس شاہ فیصل ٹائون کوارٹر فائنل میں داخل پری کوارٹر فائنل مقابلے میں مضبوط حریف جمیل شہید فٹ بال کلب کو شکست

Karachi

Karachi

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ مسلم فٹ بال کلب گذری کے زیر اہتمام جاری آل کراچی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو فٹ بال ٹورنامنٹ میں پری کوارٹر فائنل مقابلے میں اُسامہ اسپورٹس فٹ بال کلب شاہ فیصل ٹائون نے اپنے عمدہ اور خوبصورت کھیل کی بدولت مضبوط حریف شہید جمیل فٹ بال کلب کو پنالٹی ککس پر 4-2سے شکست دیکر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرلی کھیل کے پہلے ہاف میں اُسامہ اسپورٹس کی جانب سے عرفان اور جنید نے نہایت خوبصورت گول اسکور کئے مقررہ وقت تک مقابلہ 2-2گول سے برابری پر ختم ہوا ۔

کھیل کی خاص بات اسامہ اسپورٹس کے کھلاڑیوں شیری ،مرشد ،شہباز اور ثناء اللہ کا نہایت عمدہ کھیل تھا جبکہ دفاعی کھلاڑی سلیم شاہ نے اپنے شاندار کھیل سے جمیل شہید کے کھلاڑیوں کے تمام حملوں کو ناکا م بنایا پنالٹی ککس مرحلے میں اُسامہ اسپورٹس کے گول کیپر اسد نے بھی اپنے شاندار کھیل کے مظاہرے پر تماشائیوں سے بھر پور داد وصول کی ۔ٹیم کی شاندار کارکردگی اور کوارٹر فائنل تک رسائی پر اُسامہ اسپورٹس شاہ فیصل ٹائون کے چیئر مین حاجی الیاس اعوان اور جنرل سیکریٹری اختر ریاض نے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی آئندہ بھی اپنے شاندار کھیل کی بدولت فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض سکندر علی ،غلام علی اور مختار نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر شاہد مہر تھے ۔