سندھ بھر میں آپریشن کیلئے سیکورٹی اداروں کی بھرپور مدد کریں گے: چوہدری نثار

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے سندھ میں رینجرز کو سیاسی فٹبال نہیں بننے دیں گے اور رینجرز صرف کراچی میں نہیں پورے سندھ میں ہے، امید ہے کہ ہر دفعہ توسیع کا مسئلہ سیاسی مسئلہ نہیں بنے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سندھ میں رینجرز اختیارات سے متعلق وفاقی حکومت کو نہیں بتایا گیا۔

رینجرز اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے، اس بارے میں میڈیا سے پتہ چلا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن سندھ حکومت کی مشاورت سے شروع کیا گیا تھا۔ کراچی آپریشن کو پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔

رینجرز کے معاملے کو سیاسی نہیں بنانا چاہیے۔ کراچی کا آپریشن مفت میں نہیں ہوا، اب تک اس آپریشن میں 31 جوان شہید جبکہ 89 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔ پچھلے دنوں کراچی میں دن دیہاڑے ہمارے دو جوان شہید کر دیے گئے۔

انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہم رینجرز کو سیاسی فٹ بال نہیں بننے دیں گے۔ امید کرتا ہوں کہ ہر دفعہ توسیع کا مسئلہ سیاسی مسئلہ نہیں بنے گا۔