سندھ رینجرز کا ایم کیو ایم سے 187 جرائم پیشہ افراد کی حوالگی کا مطالبہ

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) سندھ رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کو خط لکھا گیا ہے جس میں 187 جرائم پیشہ افراد کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز کے لیفٹیننٹ کرنل حسن اختر کی جانب سے ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو خط بھیجا گیا ہے جو ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر پتے پر ارسال کیا گیا ہے جب کہ خط میں ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے 187 جرائم پیشہ افراد کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

رینجرز کے خط میں کہا گیا ہےکہ مطلوبہ افرا د کا تعلق ایم کیوایم کے عسکری ونگ سے ہے اور ان پر مختلف پولیس افسران کے قتل کا الزام ہے، ملزمان نے 90 کے آپریشن میں شریک پولیس افسران کو قتل کیا اور ملزمان مختلف مقدمات میں بھی نامزد ہیں۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افراد میں مبینہ ٹارگٹ کلرز کی تفصیلات بھی منسلک ہیں جب کہ خط میں پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے ملزمان کے نام اور تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔ رینجرز کی جانب سے بھیجے گئے خط کی کاپی وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو بھی ارسال کی گئی ہے۔