معاشرے کو جہالت کے اندھیروں سے نکالنے کیلئے علم کی شمع روشن کرنا ہو گی، ایم اے تبسم

MA Tabassum

MA Tabassum

لاہور : کالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کہا ہے کہ نئی نسل کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کی اشد ضرورت ہے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے طالب علم کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار سینئرصحافی،کالم نگارایم اے تبسم دی حمزہ سکول سسٹم میں ایک تقریب کے شرکاء سے خطاب کے دوران کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کوجہالت کے اندھیروں سے نکالنے کیلئے علم کی شمع روشن کرنا ہوگی۔

بالخصوص والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں تاکہ وہ عملی زندگی میں کامیاب ہونے کے علاوہ ایک اچھے اور مفید پاکستانی شہری بھی ثابت ہوں اور ملک کی بھاگ ڈور سنبھال سکیں ۔انہوں نے کہاکہ انسان کی پہلی درسگا ہ ماں کی گود ہے بچوں کے والدین بالخصوص ماں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ تربیت کے بغیر تعلیم کسی کام کی نہیں کیونکہ بغیر تربیت کے علم کے فیض و برکات کا حصول ناممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کے ادارے کا مقصد صرف پیسے کمانا ہی نہیں بلکہ بچوں کی تعلیم و تربیت کا ایسا اہتمام کرنا ہے جس سے وہ محب الوطنی شہری اور اچھا مسلمان بن سکیں اور ملک و قوم کیلئے سرمایہ ثابت ہوں۔