سولر بچوں کی بیماری کی تشخیص و علاج کیلئے جامع تحقیق کی جائے: صدر ممنون

 President Mamnoon

President Mamnoon

اسلام آباد (جیوڈیسک) بلوچستان سے تعلق رکھنے والے متاثرہ سولر بچوں شعیب احمد اور عبد الرشید نے وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چودھری، سیکریٹری کیڈ حسن اقبال اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم کے ہمراہ صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے خصوصی جذبے کے تحت دونوں بچوں کا ایوان صدر میں خیر مقدم کیا اور نہایت شفقت کے ساتھ ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ صدر نے دونوں بچوں سے مشفقانہ گفتگو کی اور انہیں تحائف دیئے۔

صدر نے امید ظاہر کی کہ وہ بہت جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے اور معمول کی زندگی گزاریں گے۔ صدر نے ہدایت کی کہ بچوں کا بھرپور خیال رکھا جائے اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ڈاکٹروں کو اس بیماری کی مکمل تحقیق اور اس کے اسباب کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کا مؤثرعلاج تجویز کرنا چاہئے۔

صدر نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پمز کے ڈاکٹرز دونوں بچوں کے علاج کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کے طبی اداروں سے بھی اس ضمن میں مشاورت کی جائے تاکہ اس بیماری کے بارے میں ٹھوس نتائج حاصل کئے جا سکیں۔