صومالیہ : جھڑپیں، کم از کم 15 افراد ہلاک، 20 زخمی

Somalia Clashes

Somalia Clashes

واشنگٹن (جیوڈیسک) وسطی صومالیہ میں جمعرات کے روز دوبارہ لڑائی چھڑنے کے نتیجے میں کم ازکم سات افراد ہلاک جب کہ 15 زخمی ہوئے۔

گلکایو میں، جو وسطی صومالیہ کے مدوگ خطے میں واقع ہے، پنٹ لینڈ کی علاقائی انتظامیہ کی وفادار افواج گالمدوگ کے حامیوں سے لڑ رہی ہیں، جو دونوں وفاق کی رُکن ریاستیں ہیں۔

عینی شاہدین اور اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ’’چھ گھنٹوں تک جاری رہنے والی لڑائی میں سات افراد ہلاک جب کہ 15 زخمی ہوئے ہیں‘‘۔

ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ ان کی تنصیبات میں داخل کیے گئے افراد میں سے زیادہ تر لڑاکا تھے۔ قصبے کے ایک مکین مسطاف عبدی حشی نے جاری جھڑپ کو 20 برسوں کی سنگین لڑائی قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’لڑائی آج دوپہر سے شروع ہوئی اور عشا کی نماز کے وقت جا کر تھمی، جس میں دونوں فریق نے بھاری توب خانہ اور مشین گن کے گولے استعمال کیے۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ فائرنگ کا شدید تبادلہ تھا۔ میں اس شہر میں 20 برسوں سے مقیم ہوں۔ میں نے کبھی اتنی شدید لڑائی نہیں دیکھی‘‘۔

اِن جھڑپوں کے بعد دونوں فریق کے درمیان تناؤ میں اضافہ دیکھا گیا۔ بائیس نومبر کو دونوں انتظامیہ کی فوجوں کی اسی طرح کی جھڑپیں ہوئی تھیں، جس میں 10 افراد ہلاک جب کہ ہزاروں بے دخل ہوئے تھے۔