جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، یاسین ملک

Yasin Malik

Yasin Malik

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔

محمد یاسین ملک نے یہ بات برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمونڈ کے حالیہ بیان کے رد عمل میں کہی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کیلئے تنازعہ کشمیر کو پیشگی شرط کے طور پر نہیں رکھا جانا چاہیے۔

محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی جبر و استبداد کا سامنا ہے اور بھارتی فوجیوں نے ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید جبکہ ہزاروں کو زیر حراست لاپتہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیرکا نظر انداز کیا جاناہرگز قابل قبول نہیں کیونکہ اس عمل سے کشمیریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔