ہسپانوی شہزادی ملزمہ کی حیثیت سے عدالت میں حاضر ہوں گی

Spanish Princess

Spanish Princess

بارسلونا (جیوڈیسک) اسپین کے علاقے’’ پالما دی مایورکا‘‘ کی عدالت نے ہسپانوی شہزادی اور اسپین کے موجودہ بادشاہ فلپ اے ششم کی بہن’’ انفانتا کرسٹینا‘‘کے بارے میں کہا ہے کہ وہ کرپشن کیس کی ملزمہ کی حیثیت سے عدالت میں پیش ہوں گی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ شہزادی پر الزام ہے کہ وہ معروف کرپشن کیس ’’نوس‘‘ میں شامل ہیں اوریہ ٹیکس چوری کاکیس ہے۔

یاد رہے کہ ماضی میں مجسٹریٹ پالما دی مایورکا نے لمبی تفتیش کے بعد 200صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا تھا کہ ہسپانوی شہزادی کرسٹینا کے خلاف اس کرپشن کیس میں ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں اور وہ ان جرائم کی مرتکب ہوئی ہیں۔

شہزادی کرسٹینا کے شوہر اور سابق اولمپیئن پر فراڈ، ٹیکس چوری، کاغذات میں ردو بدل، جعل سازی اور اپنے عہدے کا ناجائزفائدہ اٹھانے کے ساتھ ساتھ اپنے خیراتی ادارے کے تحت پبلک فنڈز سے 6ملین یورو خرد برد کرنے کے الزامات عائد ہیں، جبکہ شہزادی کے شوہر ’’ایناکی اردینگارن‘‘ نے ان الزامات کی نفی کی ہے۔ شہزادی اور ان کے شوہر کے خلاف کرپشن کیس کی وجہ سے عوامی رائے کے باعث شاہی خاندان کی ساکھ کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔