اسپیکر سندھ اسمبلی کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات‘ کارکردگی رپورٹ پیش کی

Agha Siraj Durrani

Agha Siraj Durrani

کراچی (جیوڈیسک) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے منگل کو وزیراعلیٰ ہائوس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو سندھ اسمبلی کی تین سالہ کارکردگی اور اراکین کی ایک سالہ کارکردگی سے متعلق رپورٹ پر مبنی کتاب پیش کی۔

اسپیکر نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ سندھ اسمبلی کی گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی بقیہ تین صوبائی اسمبلیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر رہی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ اسمبلی کی مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا غیر سرکاری تنظیموں نے بھی اعتراف کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تینوں صوبوں کے وزراء اعلیٰ کے اسمبلی میں حاضری میں بھی صوبہ سندھ کی بہتر کارکردگی رہی اور آپ کی اسمبلی میں حاضری کا تناسب تمام وزراء اعلیٰ سے بہتر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی جانب سے سندھ اسمبلی کی پیش کردہ تین سالہ کارکردگی رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی کی مجموعی کارکردگی ہر لحاظ سے دیگر صوبوں کے مقابلے میں نمایاں رہی۔

انہوں نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔ اس موقعہ پر صوبائی وزیر ناصر شاہ ، جاوید ناگوری ، مرتضیٰ وہاب، غلام قادر چانڈیو، سہراب سرکی ، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی ، راشد ربانی، پولیٹیکل کوآرڈینیٹر صدیق ابو بھائی اور وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو بھی موجود تھے۔