کھیلوں کے میدان آباد کر کے صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جائے : زبیر حفیظ

Meeting with Arslan Qadar

Meeting with Arslan Qadar

لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان آباد کرکے صحت معاشرہ تشکیل دیا جائے، قومی کھیل ہاکی کے ساتھ سوتیلا پن نہ اپنایا جائے۔ سیاست اور میرٹ کی پامالی نے قومی کھیل کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمپیئن ٹرافی میں بھارت کے خلاف اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ارسلان قادر سے ملاقات کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ہاکی ٹیم اپنی تاریخ میں پہلی بار ورلڈ کپ کے بعد اب اولمپکس میں بھی شرکت سے محروم ہوگئی ہے۔

اسے اس حال پر پہنچانے کے ذمہ داران کو کڑی سزا دینے کی بجائے حکام چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ہاکی کی تباہی کے ذمہ دار وہی افراد ہیں جنھوں نے سیاسی طاقت کے بل پر پاکستان ہاکی فیڈریشن میں قدم رکھا اور آج بھی انھیں یقین ہے کہ یہی سیاسی طاقت انھیں پاکستان ہاکی فیڈریشن سے باہر کیے جانے سے روکے رکھے گی۔

گذشتہ چند سالوں میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو حکومت سے بے حساب پیسے ملتے رہے جنھیں ہاکی کے نام پر خرچ کرنے کا دعویٰ کیا جاتا رہا۔تاہم اگر ایسا ہوتا تو پاکستانی ہاکی ٹیم آج اس حال پر نہ پہنچتی کہ انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے لیے فیڈریشن کو مخیر حضرات سے ‘بھیک’ مانگنی پڑتی اور کھلاڑی ڈیلی الاؤنسز تک سے محروم رہتے۔زبیر حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت گئی تو پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بھی مسلم لیگ نون کے اثرات ظاہر ہوگئے۔

ماضی میں ٹیم کی خراب کارکردگی کا رونا روتے ہوئے کم ازکم اس بات کی تو ڈھارس تھی کہ ٹیم کم از کم باہر جاکر کھیلتی تو ہے لیکن اب تو ورلڈ کپ اور اولمپکس میں شرکت کی محرومی نے پاکستانی ہاکی کو اس کی تاریخ کے پست ترین مقام پر پہنچا دیا ہے۔قومی ہاکی کے عروج کو دیکھنے کے لئے اسے سیاست ، اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی کے اثرات سے پاک کرنا ہو گا۔

سید امجد حسین بخاری
مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016