سپورٹس مین کا سانس پھولنے لگا، ہم پاکستان کی ترقی کا مارچ کریں گے: حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے ایک سپورٹس مین کا سانس ایک ہی سال میں پھولنے لگا ہے عوام کھوکھلے نعروں اور دعوؤں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ عمران خان لانگ مارچ کرتے رہیں ہم پاکستانی قوم کے ساتھ ملکر پاکستان کی ترقی کا مارچ کریں گے اور ترقی کا مارچ کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔

چار حلقوں کا رونا رونے والے بتائیں کیا خیبر پی کے سے کرپشن ختم ہو گئی ہے۔ سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ آئی ڈی پیز کی قربانیوں کی بدولت ’’آپریشن ضرب عضب‘‘ کی کامیابی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے اپنے گھر چھوڑنے والے شمالی وزیرستان کے لوگوں کی مدد ہر پاکستانی پر قرض ہے۔ لانگ مارچ اور انقلاب والے اپنا شوق پورا کریں ہم دہشت گردوں کے خلاف جنگ اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے پاکستان کی خوشحالی کے راستے میں اپنی پیش قدمی جاری رکھیں گے۔

پاکستان کے عوام باشعور ہیں وہ خود ہی کھرے کھوٹے کی پہچان کر لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار حمزہ شہبازشریف نے الحمراء ہال لاہور میں آئی ڈی پیز کے لئے فنڈ ریزنگ کے سلسلے میں تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیرتعلیم رانا مشہود احمد خاں ارکان صوبائی اسمبلی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان محکمہ ہائیرایجوکیشن کے سیکرٹری عبداللہ خان سنبل ایڈیشنل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ احمد علی کمبوہ اور محکمہ تعلیم کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب کے تعلیمی اداروں کی طرف سے مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے کی مالیت کے امدادی چیک وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ برائے آئی ڈی پیز میں جمع کرانے کے لئے پیش کئے اور کہا پاکستان کی تاریخ میں تعلیمی اداروں نے کسی قومی کاز میں اس طرح عملی طور پر باہر نکل کر ساتھ نہیں دیا تھا جس طرح شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کا ساتھ دیا ہے۔ ہم ایک غیرت مند قوم ہیں اور اپنے بہنوں بھائیوں کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے ہونا جانتے ہیں۔

اقتدار کے چند دیوانوں کو اس چیلنج میں آئی ڈی پیز کی مدد اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہاریکجہتی کی بجائے لانگ مارچ اور انقلاب مارچ کا شوق چرایا ہوا ہے انہیں پاک افواج کے ان جوانوں کے مورال کا بھی کوئی خیال نہیں جو اپنا خون دے کر ہمارا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں۔

حمزہ شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا ہمیں بحیثیت مسلمان ان بے گھرخاندانوں اور ان کے بچوں کے دکھ درد کو محسوس کرنا چاہئے جو اپنا گھربار چھوڑ کر پاکستان کی بقاء کی جنگ میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔ مخالفین 14 اگست کو لانگ مارچ کرتے رہیں‘ وزیراعظم محمد نوازشریف اسی روز ملتان میں میٹروبس کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے لانگ مارچ کا ارادہ رکھنے والے اتنا ضرور بتائیں کیا وہ ملک کی ترقی کے خلاف احتجاجی مارچ کرنا چاہتے ہیں؟ یہ موقع سیاسی دکانداری چمکانے کا نہیں بلکہ آئی ڈی پیز کی عملی مدد کرنے کا ہے۔

گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اربوں کھربوں روپے لاگت کے ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں اور ہمارے خلاف ایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ ایسے میں طاہر القادری جیسا شخص جو اس وقت بھی کینیڈا میں بیٹھ کر گرم کافی پیتا رہا جب پاکستان میں 2 کروڑ لوگ سیلاب میں بے گھر ہو گئے تھے‘ آج اسی شخص کو اچانک انقلاب کا خیال آ گیا ہے۔ ماضی قریب میں جن سیاسی عناصر نے پنجاب بنک پر 70 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالا تھا اب وہی اس انقلابی کے دائیں بائیں بیٹھ کر کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں اور انہیں ایسا کرتے شرم بھی محسوس نہیں ہوتی۔

قوم خوب جانتی ہے کون کام کر رہا ہے اور کون صرف حیلے بہانے سے مقتدر قوتوں کو جمہوریت پامال کرنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے چیئرمین نوازش علی چیمہ نے اپنے خودمختار ادارے کی جانب سے آئی ڈی پیز کے لئے 3 کروڑ روپے کا چیک حمزہ شہبازشریف کو پیش کیا۔

ڈاکٹر نصراللہ ورک نے پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کی جانب سے ایک کروڑ 17 لاکھ روپے ایڈیشنل سیکرٹری سکولز احمد علی کمبوہ نے صوبے کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کی طرف سے 2 کروڑ 4 لاکھ روپے سیکرٹری ہائیرایجوکیشن عبداللہ خان سنبل نے یونیورسٹیوں اور سرکاری کالجز کی طرف سے 2 کروڑ 53 لاکھ روپے پنجاب گروپ آف کالجز کی جانب سے سہیل افضل نے 30 لاکھ روپے کا چیک مون سکولز کی جانب سے 5 لاکھ روپے امریکن لائیسی ٹف کی جانب سے 2لاکھ روپے جبکہ کوئین میری کالج لاہور کی جانب سے 5 لاکھ 10ہزار روپے کے امدادی چیک پیش کئے گئے۔

رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر واضح کیا 11 کروڑ روپے کی مجموعی امدادی رقم کے یہ چیک آئی ڈی پیز کے لئے ابتدائی طور پر اکٹھے کئے گئے ہیں۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر مرزا کاشف علی نے بھی اپنی فیڈریشن کی جانب سے 2 کروڑ روپے کا عطیہ دینے کا وعدہ کیا ہے۔