مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی سعید وفات پا گئے

Srinagar

Srinagar

نئی دہلی (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ مفتی سعید شدید علالت کے بعد 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، مفتی سعید کو نمونیہ ، آکسیجن میں کمی ، فشار خون ، گردوں اور جگر کا مرض لاحق تھا ان کی بیٹی محبوبہ مفتی کو اب وزیرِ اعلیٰ بنائے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ سال 24 دسمبر کو نمونیہ کی شکایت پر انہیں نیو دہلی کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تھا۔

وہ گزشتہ کئی دنوں سے انتہائی نگہداشت والے وارڈ آئی سی یو میں تھے ، مفتی سعید بارہ جنوری 1936ء میں جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں ایک جاگیردار گھرانے میں پیدا ہوئے انھوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری لے کر کشمیر میں سیاسی سرگرمیاں شروع کیں۔

1989ء میں وہ بھارت کے پہلے مسلمان وزیر داخلہ بھی رہے ، 1999ء میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی بنائی اور 2002ء میں پہلی بار مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلیٰ بنے ۔

مفتی سعید کی جگہ ان کی بیٹی محبوبہ مفتی کو اب وزیرِ اعلیٰ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

ان کے انتقال پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنےٹوئٹر پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی سعید نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے کشمیر کی سیاست میں اپنا لوہا منوایا اور ان کے جانے سے ملکی سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے ۔