سری نواسن کے وفاداروں کی شامت آ گئی، بھارتی بورڈ سے چھٹی

Srinivasan

Srinivasan

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ میں این سری نواسن کے وفاداروں کی شامت آگئی، سابق دور میں بھرتی کیے گئے کئی آفیشلز کو برطرف کیا جاچکا ہے، بھارتی ٹیم کے لاجسٹنگ منیجر اور چیف فنانشل آفیسر کی بھی چھٹی کردی گئی ہے، ڈاکٹر آر این بابا کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔

بی سی سی آئی کی نئی انتظامیہ کی جانب سے سابق صدر این سری نواسن کے وفاداروں اور ان کی کمپنی انڈیا سیمنٹ کے ساتھ کوئی بھی تعلق رکھنے والے آفیشلز کو برطرف کرنے کا سلسلہ جاری ہے اب مزید دو آفیشلز کو برطرف کردیاگیا ہے۔ ان میں طویل عرصے سے بھارتی ٹیم کے لاجسٹک منیجر کے طور پر خدمات انجام دینے والے ایم اے ستیش بھی شامل ہیں۔

جنھیں سری نواسن کے دور میں یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی اور وہ چیف سلیکٹر اور گریڈ بی پلیئرز سے بھی زیادہ معاوضہ حاصل کررہے تھے، انھیں سالانہ 72 لاکھ روپے دیے جارہے تھے جبکہ چیف سلیکٹر سندیپ پٹیل کو سال کے 60 لاکھ روپے ملتے ہیں۔

اسی طرح چیف فنانشل آفیسر پرسنا کانان کو بھی فارغ کیا گیا ہے، وہ ماضی میں انڈیا سیمنٹ میں کام کرتے رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ستیش اور کانان دونوں کا بی سی سی آئی کے ساتھ کنٹریکٹ 2017 تک کا تھا۔

بسوارپ ڈے کو ایڈمنسٹریٹر منیجر مقرر کیا گیا ہے جبکہ دورہ بنگلہ دیش کے لیے لاجسٹک منیجر کی ذمہ داری رشی کیش اوپادھایا کو دی گئی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ٹیم منیجر اور تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن میں سری نواسن کے معتمد ڈاکٹر آر این بابا کو بھی بنگلہ دیش نہیں بھیجا جارہا ہے۔