استحکام وطن کیلئے محب وطن قوتوں کا اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے‘ مشرف

Musharraf

Musharraf

کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے عالم اسلام ‘ عوام پاکستان ‘ وطن کی حرمت ‘ تقدیس اور تحفظ کیلئے سرفروشی و ایثار کی داستانیں رقم کرنے والی افواج پاکستان ‘ حکمران و اپوزیشن جماعتوں اور ان کی قیادتوں‘اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ‘ ممبران سینیٹ ‘ سول و فوجی بیورو کریسی ‘ سیاستدانوں ‘ سماجی شخصیات ‘ میڈیاوصحافت ‘ ادب وتعلیم ‘ طب وتحقیق ‘ سائنس وٹیکنالوجی ‘ صنعت وتجارت‘ معیشت ومعاشرت ‘ فلاح و بہبود اور خدمات سے وابستہ تمام افراد کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم یوم العید سعید کے موقع پر پاکستان کی سلامتی ‘ ترقی ‘ استحکام ‘ بحرانوں سے نجات اور عوام کی خوشحالی کے ساتھ وطن عزیز کے تحفظ وامن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کرے ۔اے پی ایم کے سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید کی جانب سے مشرف کے جاری کردہ بیان کے مطابق پرویز مشرف نے مزید کہا کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

جبکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے مقتدر قوتوں کا باہم مل بیٹھنا اور وطن عزیز کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنا ضروری ہوچکا ہے اسلئے میری دعا و کوشش یہی ہے کہ پاکستان کی تمام مقتدر و محب وطن قوتیں اور سیاسی جماعتیں وطن عزیز کی سلامتی و استحکام اور عوام کی خوشحالی و آسودگی کے نصب العین کے پلیٹ فارم پر متحدویکجا ہوجائیں تاکہ وطن عزیز کو بحرانوں سے نجات دلاکر عوام کے مسائل و مصائب کا خاتمہ کیا جاسکے۔