اسٹیج ڈراموں میں ماں، بہن کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔ اداکار ہوش کے ناخن لیں، ایم اے تبسم

MA Tabassum

MA Tabassum

لاہور : پنجاب بھر میں جاری اسٹیج ڈراموں میں ماں،اور بہن کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔جو کہ کسی بھی طرح ہمارے کلچر کی عکاسی نہیں،ان خیالات کا اظہار سینئرصحافی،کالم نگار ،شاعر وکالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے کیا،انہوں نے کہا کہ فحش اور ذومعنی جگتیں ہمارا کلچر ہر گز نہیں۔

ایسی گندی جگتوں کا مظاہرہ کرنے والے فنکار ہوش کے ناخن لیں،اور عوام کو سلجھی ہوئی تفریح مہیا کریں،ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں فحاشی وعریانی عروج پر ہے۔جس کے خاتمے کے لئے کوئی قابل قدر اقدامات نہیں کئے گئے ۔جس کی وجہ سے ہمارا کلچر روز بروز زوال پزیر ہو رہا ہے، ہمارا امیج بیرونی ممالک میں بہت گر چکا ہے۔ایم اے تبسم نے کہا کہ جب تک ہماری فلموں اور اسٹیج ڈراموں میں سے فحاشی اور عریانی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا ہمارا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے فلمی شاعر اور موسیقار فحش اور گندے قسم کے گیت کمپوز اور لکھ کر فخر محسوس کرتے ہیں۔ایم اے تبسم نے مزید کہا کہ ہمارا مزہب اور کلچر ہمیں عریانی اور فحاشی کی اجازت نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ سنسر بورڈ اپنی زمہ داریوں سے انحراف نہ کرے اور غیر اخلاقی ناموں والی فلموں اور گیتوں پر پابندی لگائے۔