اسٹیٹ بینک نے معاشی ترقی کے لیے 6 نکاتی ویژن 2020 پیش کر دیا

State Bank

State Bank

کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں مالی نظام کے استحکام کو تقویت دیتے ہوئے مانیٹری پالیسی کی اثر انگیزی کو بڑھانے اور بینکاری نظام کی کارکردگی، اثر اور شفافیت میں اضافے کے لیے پانچ سالہ حکمت عملی کا اعلان کردیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں 69ویں یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اشرف وتھرا نے اسٹیٹ بینک کی 5 سالہ پالیسی ویژن 2020 کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو اسٹیٹ بینک کی انتظامیہ نے مہینوں کی انتھک محنت کے بعد تشکیل دیا ہے، یہ منصوبہ مشاورتی عمل کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔

اس منصوبے کو بناتے وقت اسٹیٹ بینک نے پاکستان ویژن 2025 کو بھی مد نظر رکھا اور اندرونی و بیرونی سروے کے نتائج کے ساتھ ساتھ ملکی اور عالمی اقتصادی حالات اور مالی صورتحال کو بھی ملحوظ خاطر رکھا، اسٹیٹ بینک کا ویژن 2020 چھ بنیادی مقاصد کا احاطہ کرتا ہے جن کے تحت مانیٹری پالیسی کی اثر انگیزی کو بڑھایا جائیگا، مالی نظام کے استحکام کو تقویت دی جائیگی۔

بینکاری نظام کی کارکردگی، اثر اور شفافیت میں اضافہ، مالی شمولیت (فنانشل انکلوژن) میں اضافہ، جدید اور موثر ادائیگی کے نظام استوار کرنا اور اسٹیٹ بینک کی کارکردگی و اثر کو مضبوط بنانا شامل ہیں۔