اسٹیٹ بینک نے پاناما لیکس کی تحقیقات میں معاونت کی پیش کش کردی

State Bank

State Bank

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے معاونت کی پیشکش کردی۔

سینیٹ کی کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ کیا اسٹیٹ بینک پاناما لیکس کی تحقیقات کرسکتا ہے جس پر ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے اسٹیٹ بینک اتھارٹی نہیں اور ملک میں اینٹی منی لانڈرنگ قوانین بھی موجود ہیں لیکن خواہش ہے کہ متعلقہ اتھارٹی کی معاونت کرسکیں۔

اجلاس کے دوران پاناما لیکس کا ذکرآنے پر مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداللہ خان نے پاناما لیکس کے بارے میں بریفنگ پراعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس پر کمیشن بننے کے بعد کمیٹی میں اس معاملے کو اٹھانا درست نہیں، اس لئے اس معاملے کو کمیشن کے سامنے ہی اٹھایا جائے۔