پہلوان گوٹھ کی گلیاں سیوریج کے گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل

Sewage

Sewage

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق مشاورتی کونسلر بلدیہ عظمیٰ کراچی نور محمد انگریز نے ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ سید ہاشم رضا زیدی سے پہلوان گوٹھ کی اندرونی گلیوں خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف سڑکوں پر سیوریج کے ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلوان گوٹھ کے مکین گزشتہ ایک ماہ سے سڑکوں اور گلیوں میں سیوریج کے گندے پانی کے جوہڑ کی وجہ سے شدید مشکلات و اذیت کا شکار ہیں علاقائی سطح پر موجود محکمہ سیوریج کا عملہ عوامی شکایات پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے علاقہ معززین و عمائدین کے ہمراہ پہلوان گوٹھ کا تفصیلی دورہ کرکے سیوریج کے حوالے سے درپیش عوامی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

علاقہ معززین نے پیپلز پارٹی کے رہنماء کو بتا یا کہ پہلوان گوٹھ میں گزشتہ 10سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں کرائے گئے علاقے کے لئے مختص ترقیاتی فنڈز کرپشن کی نظر ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے یہاں کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پیپلز پارٹی کے رہنماء نور محمد انگریز نے پہلوان گوٹھ کے مکینوں کو یقین دلا یا کہ علاقائی مسائل کو حل کرانے کے لئے تمام فورم پر آواز اُٹھا یا جائیگا اور مسائل حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔نور محمد انگریز نے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی قدیم آبادی پہلوان گوٹھ میں بڑھتے ہوئے بلدیاتی مسائل کا نوٹس لے کر علاقائی ترقی اور عوام کو سیوریج مسائل سے نجات دلانے کے احکامات صادر کریں۔

نور محمد انگریز نے کہاکہ گزشتہ ایک ماہ سے پہلوان گوٹھ کے مکین سیوریج مسائل کی وجہ سے شدید اذیت کا شکار ہیں محکمہ سیوریج سیوریج نظام کی درستگی پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے پیپلز پارٹی کے رہنماء نے صوبائی وزیر بلدیات سے کہاکہ پہلوان گوٹھ کے ترقیاتی فنڈز میں گزشتہ 10سال کے دوران کئے گئے گھپلوں کی تحقیقات کی جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

جاری کردہ ۔نور محمد انگریز ،سنیئر رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کراچی