ہڑتال کرنے والے نجی اسکول مالکان نہ مانے تو حکومت لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، رانا مشہود

Rana Mashood

Rana Mashood

لاہور (جیوڈیسک) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہےکہ کل پنجاب میں 97 فیصد سے زیادہ نجی اسکول کھلے رہیں گے اور اگر ہڑتال کرنے والے نہیں مانے تو حکومت ان کے خلاف لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود اور آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ حکومت طلبا کا بہتر مستقبل چاہتی ہے، ہماری حکومت کا عزم ہے کہ بچوں کو معیاری تعلیم دی جائے لہٰذا اسکول مالکان کو بھی بچوں کے مستقبل کا احساس کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کل پنجاب میں 97 فیصد سے زیادہ نجی اسکول کھلے رہیں گے، بڑے اسکولز ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں جو میٹنگ میں نہیں آئے، اگر ہڑتال کرنے والے نہیں مانے تو حکومت آئندہ دو روز میں لائحہ عمل بتائے گی۔

رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نے 7 فیصد فیسوں میں اضافے کی منظوری دے دی تھی، اب ہم فیسیں بڑھانے کے خلاف ہیں، جو اسکول بند ہیں ان کے مالکان سے بات کریں گے، جن اسکولز نے ہڑتال کی کال دی انہیں بھی حکومت کے ساتھ بیٹھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 5 ہزار روپے تک فیس لینے والے اسکولز کو الگ ڈیل کریں گے جب کہ مسئلے پر 10 رکنی کمیٹی نجی اسکولز مالکان سے مشاورت کےبعد رپورٹ پیش کرے گی، ہم سفارشات بنا کر وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوادیں گے۔ اس موقع پر آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ فیسوں کو جواز بنا کر اسکول بند کرنے والوں کی رکنیت معطل کردیں گے۔

واضح رہے کہ پرائیوٹ اسکولز مالکان نے ایجوکیشن اتھارٹی بل کے خلاف ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ فیسوں میں اضافہ نہ کرنے پر کل پنجاب میں اسکول بند رکھنے کی بھی دھمکی دی ہے۔