ناقص میٹریل استعمال کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا: وزیراعلیٰ سندھ

Murad Ali Shah

Murad Ali Shah

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں کوتاہی اور ناقص میٹریل استعمال کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا ، اجلاس میں ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کے لئے ایک ہزار ڈاکٹرز بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت نیو سندھ سیکریٹریٹ میں سڑکوں کی تعمیر اور صوبے میں ڈاکٹروں کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں وزیر صحٹ سکندر میندرو اور وزیر ورکس امداد پتافی نےشرکت کی ۔ اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام وقت پر کیا جائے گا۔

کوئی کوتاہی ہوئی توذمہ دار کمپنی کو بلیک لسٹ کیا جائے گا ۔ ناقص میٹریل استعمال کرنے والی کمپنیوں کو بھی بلیک لسٹ کیا جائے گا ۔ اگر ماضی میں کچھ غلط ہوا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ دریائے سندھ پر کندھ کوٹ کے مقام پر سات ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت دو کلومیٹر طویل پل بنایا جائے گا۔

اجلااس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں وزیر صحٹ ڈاکٹر سکندر میندرو نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایک ہزار ڈاکٹرز کو بھرتی کیا جائے گا تا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جاسکے ۔ ڈاکٹروں کی بھرتی کو شفاف بنایا جائے گا اورہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔