دکھوں سے آگاہ ہیں، پارٹی قیادت جلد بلوچستان جائے گی، آصف زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین و سابق صدر آصف زرداری سے پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر مواصلات علی مددجتک نے جمعرات کو بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اور بلوچستان کی سیاسی صورت حال اور تنظیمی معاملات پر بریفنگ دی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی پارٹی قیادت بلوچستان کے دکھوں سے واقف ہے، پیپلز پارٹی کی سابقہ مرکزی حکومت میں اس حوالے سے بہت سارے اقدام کیے گئے جس میں آغاز حقوق بلوچستان بھی شامل ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پارٹی قیادت جلد بلوچستان کا دورہ کرے گی اور وہاں کے پارٹی کارکنان اور عوام سے رابطے میں رہے گی، پارٹی کارکنان کے مسائل سننے اور تنظیمی وسعت کیلیے بلوچستان میں پارٹی کا کنونشن منعقد کیا جائے گا۔

اس موقع پر بختاور بھٹو زرداری اورپارٹی کی نائب صدر شیری رحمن بھی موجود تھیں۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور اور کوئٹہ میں دہشت گردوں کے حملوں میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت کی سخت مذمت کی ہے۔