خود پر لگائے گئے ہر الزام کا جواب پارلیمنٹ میں دوں گا :خورشید شاہ

Khursheed Shah

Khursheed Shah

سکھر (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے میں ہر الزام کا جواب پارلیمنٹ میں دوں گا اور الزام لگانے والوں کے لیے عدلیہ سے رجوع کروں گا۔ سکھر میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ چوہدری نثار میرے کلیبر کا نہیں ہے اس لیے میں اس کو جواب نہیں دوں گا، میں وزیر اعظم کے سامنے پارلیمنٹ کو جواب دوں گا اور الزام لگانے والوں پر واضح کروں گا کہ وہ الزام لگائیں اگر وہ الزام ثابت نہیں کر پائے تو عدالت سے رجوع کروں گا۔

انہوں نے کہا نواز شریف نے سخت وقت دیکھا ہے انہیں حالات پر نظر رکھنی چاہیئے کہ ان کی حکومت میں کیا ہو رہا ہے ۔ مجھ پر الزام تراشی کر نے والے ناتجربہ کار ہیں ہم نے ہمیشہ جمہوریت بچانے کی کوشش کی ہے اور اسی وجہ سے فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ سنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا مک مکا ہے اس نے سب کھول کر رکھ دیا ہے یہ باتیں نواز شریف کے لوگ بھی کر رہے ہیں اب وزیر اعظم جواب دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لوگ ہمارے خلاف باتیں کر کے قد اونچا کر نے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کے ذہن چھوٹے ہیں اور عوام انہیں جانتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب بات پارلیمنٹ میں ہو گی۔