سپریم کورٹ بار کے انتخابات کیلئے پولنگ جاری، علی ظفر، کلیم احمد میں سخت مقابلہ متوقع

Supreme Court Election

Supreme Court Election

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری، عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ علی ظفر ایڈووکیٹ اور حامد خان گروپ کے کلیم احمد خورشید سید ایڈووکیٹ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

اسلام آباد میں سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل صبح ساڑھے آٹھ بجے سے جاری ہے ، وفاقی دارالحکومت میں تین سو بانوے جبکہ مجموعی طور پر ملک بھر سے دو ہزار چھ سو ستانوے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

صدارت کے عہدے کیلئے علی ظفر ایڈووکیٹ اور کلیم احمد خورشید سید ایڈووکیٹ کے درمیان مقابلہ ہوگا، علی ظفر ایڈووکیٹ کو عاصمہ جہانگیر گروپ کی حمایت حاصل ہے۔

حامد خان گروپ کی طرف سے کلیم احمد خورشید سید ایڈووکیٹ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کیلئے آفتاب باجوہ اور اسد منظور بٹ میں مقابلہ ہوگا ، پولنگ شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔