سپریم کورٹ کا وفاق اور چاروں صوبوں کو کچی آبادیوں سے متعلق بل تیار کرنے کا حکم

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے وفاق اور چاروں صوبوں کو کچی آبادیوں سے متعلق بل تیار کرنے اور اس عمل کے لئے ٹاؤن پلانرز پر مشتمل کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں جسٹس دوست محمد اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ حکومتیں غریب اور بے سہارا لوگوں کی رہائش کیلئے انتظام نہیں کر رہی۔

وفاق اور چاروں صوبے کچی آبادیوں سے متعلق بل تیار کرے اور آئندہ سماعت سے پہلے اسمبلیوں میں پیش کریں ۔ سپریم کورٹ نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن پلانرز پر مشتمل ماہرین پر کمیشن بنایا جائے، کمیشن 2 ماہ کے اندر کچی آبادیوں سے متعلق کام مکمل کرے، کمیشن میں موجود تمام ممبران کا سٹیٹس وفاقی اور صوبائی سیکرٹریز کے برابر ہوگا۔

سپریم کورٹ نے احکامات سے متعلق تفصیلی رپورٹ دو ماہ بعد ہونے والی آئندہ سماعت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس میں کہا کہ حکومتیں کم قیمت سوسائٹیوں میں غریبوں کا کوٹہ کیوں نہیں رکھتیں ؟ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کی رہائش کے انتظامات کرے، آخری موقع دے رہے ہیں، احکامات پر عمل نہ ہوا تو سخت ایکشن لیں گے۔