سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ضمانت منسوخی کے بعد 3 ملزمان سیکیورٹی کو چکمہ دے کر فرار

Lahore Supreme Court

Lahore Supreme Court

لاہور (جیوڈیسک) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سے ڈکیتی، اغوا اور چوری کے 3 ملزمان ضمانتیں منسوخ ہونے پر سیکیورٹی کو چکمہ دے کر فرار ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے ڈکیتی، چوری اور اغوا کے الزام میں گرفتار ملزمان عاصم ، جاوید اور عنصر کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پیش کیا گیا تاہم عدالت سے ضمانتیں منسوخ ہونے کے بعد تینوں ملزمان کمرہ عدالت سے نکلنے کے بعد گلے مل کرایک دوسرے کو مبارکباد دینے لگے اور کہتے رہے کہ مبارک ہو مبارک ہو ضمانت ہوگئی۔

اس موقع پر پولیس اہلکار ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہے اوریہ بھی گوارا نہ کیا کہ عدالت سے معلوم کیا جائے کہ ملزمان کی ضمانت ہوئی ہے یا نہیں اوریوں تینوں ملزمان سخت سیکیورٹی کو چکمہ دے کر باآسانی عدالت سے فرار ہو گئے۔

دوسری جانب پولیس اہلکاروں کو جب اپنی نااہلی کا احساس ہوا تو ان کی دوڑیں لگ گئیں اور ملزمان کو دوبارہ پکڑنے کے لئے کوششیں تیز کر دیں۔