سشما سوراج کا کرپشن سکینڈل بے نقاب، اپوزیشن نے استعفے کا مطالبہ کر دیا

Sushma Swaraj

Sushma Swaraj

نئی دہلی (جیوڈیسک) بلند و بانگ دعوے اور پاکستان کو دھمکانے والی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کرپشن سکینڈل منظر عام پر آگیا، بدعنوانیوں کے باعث برطرف کیے جانے والے سابق آئی پی ایل سربراہ للت مودی کو برطانیہ کے ویزے کے حصول میں سشما سوراج نے مدد کی تھی۔

اپوزیشن نے وزیر خارجہ سشما سوراج سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ کیتھ ویز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا نام لے کر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ بھارتی وزیر نے برطانوی امیگریشن حکام پر للت مودی کو سفری دستاویزات جاری کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جس پر للت مودی کو 24 گھنٹے میں سفری دستاویزات جاری کر دی گئیں۔

معاملے پر بھارتی میڈیا اور اپوزیشن مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لے رہا ہے تاہم سشما سوراج کا کہنا ہے کہ انہوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر للت مودی کو ویزے کے حصول میں مدد دی اور کچھ غلط نہیں کیا۔ بھارتی اپوزیشن للت مودی کے معاملے میں سشما سوراج سے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔